امریکہ نے اسرائیل پر میزائل حملوں کے ردعمل میں ایران کے توانائی کے شعبے پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
جمعے کو امریکہ نے ایرانی تیل کے حصول اور اس کی نقل و حمل میں ملوث جہازوں کے بیڑے سمیت عرب امارات، لائبیریا، ہانگ کانگ اور دیگر ممالک سے وابستہ کمپنیوں پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے سرینام، انڈیا، ملائیشیا اور ہانگ کانگ میں موجود کمپنیوں کے نیٹ ورک پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں جو مبینہ طور پر ایران سے پیٹرولیم اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور فروخت کے انتظامات کرتی ہیں۔
امریکی قانون ایرانی توانائی کے شعبے اور ایرانی تیل خریدنے اور ترسیل کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں پر بھی پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
امریکہ قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں سے ایران کے مالی وسائل میں رکاوٹ پیدا کرنے میں مدد ملے گی جو میزائل پروگراموں کی حمایت سمیت امریکہ، اس کے اتحادیوں اور شراکت داروں کو خطرہ پہنچانے کی غرض سے دہشت گردوں کی مدد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔