بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں تشدد کے تازہ واقعات میں پولیس نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے کالعدم لشکرِ طیبہ کے مبینہ کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ہفتے کی صبح سری نگر کے خان یار علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شروع ہونے والی جھڑپ شام تک جاری رہی۔
پولیس عہدیدار کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ہفتے کو صبح گیارہ بجے کے قریب خان یار میں لشکرِ طیبہ کے ایک اہم کمانڈر اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر آپریشن شروع کیا۔
عہدیداروں کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند ہلاک اور چار سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے بردھی کے مطابق ہلاک کمانڈر عثمان بھائی پولیس کو مطلوب اہم ترین دہشت گردوں میں شامل تھا۔
پولیس نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث رہا ہے جن میں ایک پولیس انسپکٹر منظور احمد کا قتل بھی شامل ہے۔