اسپین کے بادشاہ فیلیپ سیلاب زدہ علاقے کا دورہ کرنے پہنچے تو مقامی افراد کے احتجاج کے باعث مشکل میں پڑگئے۔
اسپین کے بادشاہ فیلیپ اور ملکہ لتیزیا نے ویلنسیا شہر کے سیلاب سے متاثر ہ علاقے پائیپورٹا کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران مقامی لوگوں نے بادشاہ اور ملکہ کو دیکھتے ہی احتجاج شروع کردیا اور ان پر کیچڑ پھینکنے لگے۔
سکیورٹی اہلکار چھتریوں کی مدد سے بادشاہ اور ملکہ کو بچانے کی کوشش کرتے رہے۔
اس دوران مظاہرین نے بادشاہ کو دیکھ کر ’قاتل، قاتل‘ کے نعرے بھی لگائے۔
خیال رہے کہ اسپین میں4 روز قبل آنےوالے تاریخ کے بدترین سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 214 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں اورسیلاب کے باعث 2 ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ متعدد لوگ اب تک اپنے گھروں اور دیگر جگہوں پر پھنسے ہوئے ہیں اور مدد کے منتظر ہیں۔
اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے سیلاب زدہ علاقے ویلنسیا میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کے لیے 10ہزار فوجی اور پولیس اہلکار بھیجنے کاحکم دیا ہے۔