امریکہ کے بعد اس کے قریبی اتحادی اسرائیل نے بھی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط میں اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈیئن سار نے کہا اسرائیل انسانی حقوق کونسل سے دستبردار ہورہا ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کے اسرائیل کے لیے متعصبانہ رویے کی وجہ سے کونسل چھوڑ رہے ہیں، اسرائیل اب اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرےگا۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بھی شیئر کیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے۔
ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا تھا کہ امریکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور فلسطینیوں کے لیے قائم اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا سے دستبردار ہو رہا ہے۔
صدر ٹرمپ اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے (یونیسکو) میں امریکہ کی شمولیت پر نظرِثانی کرنے کا کہ چکے ہیں ۔