فلم ’ونڈر وومن‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈوٹ کو ہالی وڈ کے ’واک آف فیم‘ میں شامل کرنے کی تقریب سجائی گئی۔
واک آف فیم کی یہ تقریب منگل کو ہالی وڈ میں ’ایل کیپیٹن تھیٹر‘ کے قریب منعقد ہوئی۔
گیل گیڈوٹ اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھیوں کے ہمراہ اس تقریب میں شریک ہوئیں۔
فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کے شریک اداکار وین ڈیزل اور ’ونڈر وومن‘ کے ڈائریکٹر پیٹی جینکنز بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
ہالی وڈ میں منعقد ہونے والی تقریب میں گیل گیڈوٹ نے اپنے فلمی سفر اور اپنی کامیابیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ میں اسرائیل کے ایک قصبے سے تعلق رکھنے والی لڑکی ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ملنے والا یہ ستارہ مجھے میری محنت، جذبے اور اس یقین کی یاد دلائے گا کہ دنیا میں کچھ بھی ممکن ہے۔
گیل گیڈوٹ کی آنے والی فلم ’سنو وائٹ‘ ہے جو رواں برس 21 مارچ کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔