طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے الزام لگایا ہے کہ تین ہمسایہ ممالک افغانستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں دہشت گرد تنظیم داعش کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔
امیر خان متقی کے مطابق ان تین ممالک میں سے ایک ملک داعش کو افرادی قوت، دوسرا تربیت جب کہ تیسرا رسد فراہم کرتا ہے۔
امیر خان متقی نے کسی ملک کا براہِ راست نام نہیں لیا ہے۔
طالبان حکومت کے وزیرِ خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے ایک افغان شہری کا اعترافی بیان پاکستانی میڈیا میں نشر ہوا تھا جس نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔
مذکورہ افغان شہری نے یہ بھی کہا کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور دہشت گردوں کو سرحد تک لانے میں افغان طالبان نے مدد فراہم کی۔