انڈونیشیا کے صدارتی انتخابات میں 93 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل، سوبیانتو نے جیت کا اعلان کردیا
انڈونیشیا میں صدارتی انتخابات میں 78 سے 93 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی، وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو نے اپنی جیت کا اعلان کردیا۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پرابوو سوبیانتو کو 58 فیصد ووٹوں کے ساتھ برتری حاصل ہوگئی جس کے بعد سابق فوجی کمانڈر اور وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا ہے۔
ایک مقامی اسٹیڈیم میں جمع اپنے حامیوں کے سامنے انتخابات میں کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے پرابوو سوبیانتو نے کہا کہ ان کی یہ فتح تمام انڈونیشینز کی فتح ہے، ہم انڈونیشیا کے سب سے قابل بیٹوں اور بیٹیوں پر مشتمل حکومت بنائیں گے۔
صدارتی دوڑ میں شامل دو سابق صوبائی گورنروں انیس باسویدان اور گنجر پرانوو نے الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کردیا ہے۔
مخالف امیدواروں انیس بسویدان نے 25 فیصد اور گانجر پرانوو نے 17 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان 20 مارچ تک متوقع ہے۔