انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی وزیراعظم کے حالیہ بیان پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں رشی سوناک نے فلسطینیوں کے احتجاج کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔
انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خلاف لوگوں کے احتجاج کے حق کو محدود کرنے کی کوشش کر ررہے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل برطانیہ کے ڈائریکٹر الیاس ناگدی نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر مظالم کے خلاف پرامن احتجاج کو انتہا پسندی سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔
الیاس ناگدی نے کہا کہ یہ ’انتہائی تشویشناک‘ ہے کہ حکومت مظاہروں پر مزید پابندیاں عائد کرنا چاہتی ہے۔
یاد رہے کہ یکم مارچ کو رشی سوناک نے برطانیہ میں فلسطین کےحق میں احتجاج اور مظاہرے کرنے والوں کو شدت پسند قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ برطانیہ میں مسلسل احتجاج جمہوریت کےلئےخطرہ ہے۔