سیکرٹری اوور سیز پاکستانیز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف کیا کہ ہمارے فقیر سب سے زیادہ باہر جاتے ہیں۔
چیئرمین منظور کاکڑ کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کا اجلاس ہوا۔
سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا کہ ہمارے گداگر سب سے زیادہ باہر جا رہے ہیں، جتنے فقیر گرفتار ہوتے ہیں ان میں سے 90 فیصد پاکستانی ہوتے ہیں، عراقی اور سعودی سفیر ہمیں کہتے ہیں ان کی جیلیں بھر گئی ہیں، اب یہ ہیومن ٹریفکنگ کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرم کے اندر سے جتنے جیب کترے پکڑے جاتے ہیں ان میں زیادہ تر پاکستانی ہیں، یہ زیارت پر بھیک مانگنے جاتے ہیں، بھکاری زیادہ تر عمرہ ویزے پر جاتے ہیں۔
سینیٹر رانا محمودالحسن نے اجلاس کے دوران کہا کہ جاپان نے 3 لاکھ 40 ہزار ہنرمند افراد مانگے ہیں، بھارت نے ڈیڑھ لاکھ، نیپال نے 91 ہزار ہنرمند جاپان بھیجے، بنگلا دیش اور سری لنکا نے بھی ہنرمند افراد جاپان بھیجے لیکن پاکستان سے صرف 200 افراد جاپان گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 50 ہزار انجینئر بیروزگار ہیں جبکہ نیپال کی3 کروڑ آبادی ہے، انہوں نے اپنے لوگوں کو جاپانی سکھا دی، سعودی عرب کی جانب سے بھی اب ہنرمند افراد کو لیاجا رہا ہے، سعودی عرب کو اب سادہ لیبر نہیں اسکلڈ لیبر چاہیے۔