توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔
عدالت نے ملزمان کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ، چارج شیٹ سننے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان میں توشہ خانہ مقدمے کی نقول تقسیم کر دی تھیں، تاہم شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔
دوسری جانباحتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2018 سے 2022 کے دوران اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں بیرون ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف کم قیمت پر حاصل کیے اور پھر ان تحائف کو 6 لاکھ 35 ہزار ڈالر میں فروخت کیا