کینیڈا کے وزیراعظم کے طور پر جسٹن ٹروڈو نے اپنے الوداعی خطاب میں امریکہ اور کینیڈا میں جاری تجارتی تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت کینیڈا کی سالمیت کو اس کے ہمسائے سے خطرہ لاحق ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے معاشی پابندیوں کے تناظر میں کینیڈا کے وزیراعظم نے گذشتہ رات اپنے الوداعی خطاب میں کینیڈا کو درپیش خطرات پر کھل کر بات کی ہے۔
اپنے الوداعی خطاب میں جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ انھیں گذشتہ دس برس پر فخر ہے۔ یہ اور بات ہے کہ انھوں نے اپنے کریئر کے آغاز پر یہ کہا تھا کہ وہ کھبی سیاست میں نہیں جائیں گے۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ’آج کی رات ہمارے مستقبل سے متعلق ہے، ہماری پارٹی اور ہمارے ملک کے مستقبل کے بارے میں ہے۔
53 برس کے جسٹن ٹروڈو نے 2015 میں کینیڈا کی حکمرانی سنبھالی تھی۔ اپنے خطاب میں انھوں نے گذشتہ دس برس کے چیلنجز اور بحرانوں پر بات کی ہے۔
اپنی تقریر میں انھوں نے کینیڈا اور امریکہ کے درمیان تجارتی تنازع پر بھی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کینیڈا کو اپنے پڑوسی سے سالمیت کا خطرہ لاحق ہے۔
انھوں نے کہا کہ آپ کے ملک کو آپ کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انھوں نے کہا کہ میں نے اپنی طرف سے بھرپور کوشش کی ہے اور ہر دن کینیڈا کو ایسا ملک بنانے کی کوشش کی ہے جو ہر کینیڈا کے شہری کے لیے مثالی ملک ہو۔