یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی عسکریت پسندوں نے خلیج عدن میں ایک امریکی بحری جہاز پرمیزائل فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحیی الساری نے پیرکو ایک بیان میں کہا کہ ان کی تنظیم نے امریکی بحریہ کے جہاز لیوس بی پر خلیج عدن میں اتوار کے روز میزائل داغا ہے جس میں ان کے بہ قول جہاز کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ “اس جہاز کا مشن یمن پر حملے شروع کرنے میں حصہ لینے والی امریکی افواج کو لاجسٹک مدد فراہم کرنا ہے”۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جہاز رانی یا بحیرہ احمر میں اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
امریکی بحریہ کے سکریٹری کارلوس ڈیل ٹورو نے زور دے کر کہا تھا کہ ان کا ملک حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کا دورانیہ ایران کی طرف سے حوثی گروپ کو فراہم کی جانے والی امداد پر منحصرہے۔