امریکی کانگریس نے ایک بل کی منظوری دی ہے جس کے مطابق وفاقی حکومت مکمل طور پر امریکہ میں تیار ہونے والے پرچم خریدنے کی پابند ہو گی۔
امریکہ میں ہر سال لاکھوں امریکی پرچم درآمد کیے جاتے ہیں جن میں سے اکثر چین سے منگوائے جاتے ہیں۔
امریکہ کی کانگریس میں پرچموں کی خریداری سے متعلق قواعد میں تبدیلی کا بل لانے والے ارکان کا کہنا ہے وقت آ پہنچا ہے کہ امریکہ کی نمائندگی انہیں پرچموں سے ہو جو یہاں تیار کیے جاتے ہیں۔
ریاست مین سے ری پبلکن سینیٹر سوسن کولنز اور اوہائیو سے ڈیموکریٹک سینیٹر شرڈو براؤن اس بل کو متعارف کرانے والے والے قانون سازوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔
سینیٹر کولنز کا کہنا ہے کہ امریکی پرچم ہماری شناخت، عزم اور اقدار کی علامت ہے۔ قومی پرچم کی اہمیت کا احترام کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو صرف وہی پرچم استعمال کرنے چاہئیں جو پوری طرح امریکہ میں تیار کیے گئے ہوں۔
کانگریس سے منظور ہونے والے ’آل امریکن فلیگ ایکٹ‘ کے تحت حکومت پر لازم ہو گا کہ وہ صرف ایسے پرچم خریدے اور استعمال کرے گی جن کے مواد کے ساتھ ساتھ ان کی مکمل تیاری بھی امریکہ میں ہوئی ہو۔
وفاقی حکومت کے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2015 میں 40 لاکھ ڈالر مالیت کے پرچم درآمد کیے گئے۔