چین نے پاکستان میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کرتےہوئے اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کی جامع تحقیقات کرے۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں وہ پانچ چینی شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کی جلد از جلد جامع تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
چین کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان سے چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں ترجمان نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش بروئے کار لانے کے لیے چین پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط عزم کے ساتھ کام کرے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے نے پاکستان میں مقیم اپنے شہریوں اور کاروباری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی سیکیورٹی صورتِ حال پر گہری نظر رکھیں اور اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
واضح رہے کہ منگل کو پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ جانے والے قافلے پر حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔