امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ یہ خطے میں شدید تناؤ کا وقت ہے، غزہ کے شہریوں کی جبری بے دخلی نہیں ہونی چاہئیے۔
قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکی اور قطری وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ غزہ میں امداد فراہمی کے راستوں میں رکاوٹیں بہت زیادہ ہیں، اسرائیل سے شہریوں کی اموات کو کم کرنے پر بات ہوگی، غزہ میں بہت سے صحافی بھی مارے گئے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی شہریوں کو گھر واپسی کے قابل ہونا چاہیے، غزہ کے شہریوں کو غزہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کرنا چاہیے۔
اس موقع پر قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان نے کہا کہ حماس رہنما کے قتل نے قطر کی ثالثی کی کوششوں کو متاثر کیا ہے، قطر اسرائیل حماس مذاکرات کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
قطری وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بحیرہ احمر کی کارروائیاں غزہ جنگ پر برا اثر ڈال رہی ہیں، غزہ میں شہریوں کی اموات انسانیت کا بڑا امتحان ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن تین ماہ میں چوتھی بار مشرق وسطیٰ واپس آئے ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے۔