چین نے اپنے بیان میں نیٹو کی قیادت کی جانب سے جاری بیان پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
چین نے شمالی اوقیانوس کے اتحاد (نیٹو) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ “تصادم کے لیے اشتعال انگیزی” روک دے۔
یورپی یونین میں چینی مشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “شمالی اوقیانوس کے اتحاد کو چاہیے کہ چین کو دھمکی کے غبارے میں ہوا بھرنا روک دے، تصادم اور مسابقت پر اشتعال انگیزی سے رک جائے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے زیادہ بڑا کردار ادا کرے”۔
چینی مشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ “یوکرین کا بحران طویل عرصے سے جاری ہے۔ جلتی پر تیل کون چھڑک رہا ہے ؟ اس سے مستفید ہونے کی کوشش کون کر رہا ہے ؟ جواب سب کے سامنے واضح ہے”۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نیٹو کے رکن ممالک کی قیادت نے چین اور روس کے گہرے تعلقات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
نیٹو کے رکن ممالک نے چین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کو اہم نوعیت کی مدد پیش کر رہا ہے۔