8 سال بعد شامی باغیوں نے ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب کے بڑے حصے پر قبضہ کرلیا۔
شامی باغی شمالی علاقوں حلب اور ادلب میں داخل ہوگئے ہیں۔
باغیوں نے شامی فوج کے اڈے اور حلب ائیرپورٹ سمیت کئی اہم علاقوں پر قبضےکا دعویٰ کیا ہے۔
شامی فوج شمالی شہر حماہ سے بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔
شامی باغیوں کے حملے میں درجنوں شامی فوجی مارے جانےکی بھی اطلاعات ہیں۔
شام کے معاملات پر نظر رکھنے والے انسانی حقوق کے برطانوی ادارے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق 2016 کے بعد روس نے پہلی مرتبہ حلب پر فضائی حملے بھی کیے ہیں۔
انسانی حقوق کے ادارے کا کہنا ہےکہ ملک میں بدھ سے شروع ہونے والی لڑائیوں میں اب تک 20 عام شہریوں سمیت 300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
خیال رہےکہ 2016 میں شامی صدر بشارالاسد کی افواج نے حلب سے باغیوں کو نکال دیا تھا اس کے بعد سے یہاں پر کوئی بڑا حملہ نہیں ہوا۔