یونان میں طوفان الیاس کے باعث مہینوں کی بارش ایک دن سے بھی کم وقت میں برس گئی جس کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چند ہفتوں قبل 17 لوگوں کی جانیں نگلنے والے طوفان ڈینیل کے بعد یونان کو ایک اور طوفان نے آگھیرا جس سے شدید بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کے شمالی علاقوں میں بدھ کے روز طوفان الیاس کی وجہ سے شدید بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
بتایا جارہا ہے یونان کے کئی دیہات زیر آب آگئے، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جس کے باعث بیشتر اضلاع کے اسکولوں کو بند کرنا پڑ گیا۔
یونان فائر سروس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث منگل سے ہی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے اور 3 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔