لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، حبا فواد، چوہدری پرویز الہٰی، حماد اظہر، خرم لطیف کھوسہ اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا
عدالت نے زرتاج گل، زلفی بخاری، شیخ رشید اور عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کو الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں فل بینچ نے محفوظ کیے گئے فیصلے سنادیئے، فل بینچ میں جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس جواد حسن شامل ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے این اے 122 اور این اے 89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست خارج کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر اور اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے سزایافتہ ہونے کی بنیاد پر کاغذات نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق ٹربیونل کے فیصلے کو درست قرار دیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے لاہور اور میانوالی کے دونوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے۔