بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 40 اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔
ای میل میں 30 ہزار ڈالر کا تاوان ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
اتوار کی رات دو اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئیں، جن میں کہا گیا تھا کہ عمارتوں کے اندر متعدد بم نصب کیے گئے ہیں اور اگر 30 ہزار ڈالر ادا نہ کیے گئے تو بم دھماکے کر دیے جائیں گے۔
کئی دوسرے اسکولوں کو بھی پیر کی صبح یہ ای میلز موصول ہوئیں، جس کے بعد اسکولوں کی انتظامیہ نے والدین سے کہا کہ وہ طلبہ کو دن بھر کے لیے گھر لے جائیں۔
والدین کو کچھ اسکولوں کے دروازوں سے اپنے بچوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، جب پولیس نے مشکوک اشیا کے لیے اسکول کے احاطے کی جانچ کی۔
دہلی میں پولیس حکام نے فوری طور پر رائٹرز کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
مئی میں دہلی اور نوئیڈا کے مضافاتی علاقوں میں 50 سے زیادہ اسکولوں کو بم سے متعلق دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی تھیں۔
اس سال بھارت میں اسکولوں، ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں کو بم دھماکوں کی سیکڑوں دھمکیاں دی گئی ہیں، جو بعد میں جھوٹی ثابت ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے نومبر کے وسط تک بھارت میں ایئر لائنز اور ہوائی اڈوں کو بم دھماکے کی 999 دھمکیاں موصول ہوئیں اور اسی عرصے کے دوران 12 افراد کو گرفتار کیا گیا۔