روٹس فار ایکوٹی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عذرا طلعت نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے ایف سی اور پیپسی سے اشتراک کرکے پورے ملک کا نام خاک میں ملانے کی کوشش کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دنیا بھر کی عوام کی طرف سے جاری بائیکاٹ مہم کا لحاظ نہیں رکھا اور پی ایس ایل میں اسرائیلی فوج کو نوازنے والی کمپنیوں سے اسپانسر شپ حاصل کی۔ روٹس فارایکوٹی اور سانجھی دھرتی پاکستان کرکٹ بورڈ کی غیر ذمہ دارانہ حرکت پر شدید احتجاج کرتی ہے۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ فوری طور پر کم از کم ان دونوں کمپنیوں کی اسپانسر شپ کو منسوخ کرے۔ میچز کے دوران چلنے والے اشتہارات، بل بورڈز اور دیگر اشتہاری مواد سے پیپسی اور کے ایف سی کے نام اور لوگو ہٹائے جائیں۔
ڈاکٹر عذرا طلعت نے کہا فلسطین کے معاملے پر حکومت کے واضح نقطہ نظر کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تماشائیوں کو فلسطین کے حق میں بینرز لے جانے سے منع کرنے کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔