پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ نے سیلولر کمپنی ٹیلی نار پاکستان خرید لی۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی معلومات کے مطابق ٹیلی نار پاکستان خریداری کے لیے ناروے کے ٹیلی نار گروپ کو 108 ارب روپے کی بولی دی گئی تھی۔
بولی ٹیلی نار پاکستان کی سو فیصد خریداری کے لیے نقد اور قرض کو نکال کر دی گئی تھی۔
— PTCL (@PTCLOfficial) December 14, 2023
اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی معلومات کے مطابق پی ٹی سی ایل اس خریداری کی ادائیگی بیرونی قرض سے کرے گی۔
ٹیلی نار پاکستان کے پاکستان میں ساڑھے چار کروڑ سبسکرائبرز ہیں، کمپنی نے ستمبر تک 12 مہینوں میں 112 ارب روپے کمائے تھے۔
خریداری مکمل ہونے سے پی ٹی سی ایل7کروڑ افراد کو موبائل، فکسڈ اور مائیکرو فنانس خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ہوگا۔
خیال رہے کہ پی ٹی سی ایل کا انتظامی کنٹرول متحدہ عرب امارات کی کمپنی اِتصالات کے پاس ہے۔
اس سے پہلے سوئس آئل مارکیٹنگ کمپنی ٹریفی گیورا نے پاکستان میں دس کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ، جب کہ سعودی آرامکو نے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کے چالیس فی صد شیئرز خریدنے کے لیے معاہدہ کیا تھا۔