چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات اب سب کو نظر آ رہی ہے اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، بہتر ہوتا لیول پلیئنگ فیلڈکے معاملےکو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے ایڈریس کیاجاتا۔ہمارےلیول پلیئنگ فیلڈ کے تحفظات خصوصی طور پر ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا شروع سےمطالبہ ہے کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے، نوازشریف نے واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا ہے تو پیپلزپارٹی ویلکم کرےگی، ہم بھی اپنے کیسز کو فیس کرنےکے لیے تیارہیں، امید ہے نواز شریف بھی کیسز کا سامنا کریں گے
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے لہٰذا الیکشن کمیشن فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے۔
سابق وزیر خارجہ نے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، عالمی برادری کب تک بھارت کے اس قسم کے اقدامات کو نظر انداز کرتی رہے گی؟ کینیڈا میں جو قتل کیا گیا ہے اس کے حوالے سے فارن آفس کو کھل کر بات کرنی چاہیے، کینیڈا کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی بلکہ دنیا بھر کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی، بھارت اب بدمعاش بن چکا ہے۔