ڈومینیکن ریپبلک کے دارالحکومت میں ایک مشہور نائٹ کلب کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک صوبے کی گورنر سمیت 98 افراد ہلاک جبکہ 160 زخمی ہو گئے ہیں۔
سینٹو ڈومنگو کے نائٹ کلب میں ایک کنسرٹ جاری تھا جس میں سیاست دانوں، کھلاڑیوں اور دیگر افراد بڑی تعداد میں شریک تھے۔
کنسرٹ کے دوران اچانک کلب کی چھت گر گئی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے
مشہور ڈومینیکن میرنگو گلوکار روبی پیریز جو کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر تھے، ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
مرنے والوں میں 51 سالہ ریٹائرڈ ایم ایل بی پیچر اوکٹاویو ڈوٹیل بھی شامل ہیں جنہوں نے 2011 میں سینٹ لوئس کارڈینلز کے ساتھ ورلڈ سیریز جیتی تھی۔
ڈومینیکن ریپبلک کے صدر لوئس ابینادر نے کی صبح تصدیق کی کہ مونٹے کرسٹی صوبے کی گورنر نیلسی کروز بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ’ہم اس المناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ حکام متاثرین کو نکالنے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ جس وقت حادثہ پیش آیا کلب میں 500 سے 1000 کے قریب افراد موجود تھے۔ کلب میں 700 افراد کے بیٹھنے اور تقریباً ایک ہزار شرکاء کے کھڑے ہونے کی گنجائش ہے۔
فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ چھت کے گرنے کی وجہ کیا تھی یا جیٹ سیٹ کلب کا آخری معائنہ کب کیا گیا تھا۔
کلب انتظامیہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔