کیتھولک چرچ کے کالج آف کارڈینلز اٹلی کے ویٹیکن میں، جمع ہیں، جہاں بدھ کے روز سے پوپ فرانسس کی جگہ ایک نئے پوپ کے انتخاب کا عمل شروع ہو رہا ہے۔
نئے پوپ کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جاتا ہے۔
بدھ کے روز 133 کارڈینلز سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے پوپ کے انتخاب کے لیے روایتی ہولی ماس کے ساتھ عمل کا آغاز کریں گے۔
صبح ساڑھے دس بجے سسٹین چیپل کی طرف بڑھنے سے پہلے وہ چیپل میں ایک دعائیہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
بدھ کو کارڈینلز پہلے ایک بار ووٹ دیں گے اور اگر پہلی بار ہی کوئی فاتح ہوا، تو تاریخی چمنی سے سفید دھواں چھوڑجائے گا اگر انتخاب میں کوئی کامیاب نہ ہوا، تو سیاہ دھواں فضا میں بلند ہو گا۔ووٹنگ کے ہر دور کے بعد بیلٹ جلا دیے جاتے ہیں۔
امکان ہے کہ نئے پوپ کے انتخاب کے لیے پہلا بیلٹ بدھ کی شام کو ڈالا جائے گا۔ اس بات کا امکان بہت کم ہے کنکلیو کی پہلی ووٹنگ سے ہی کوئی فاتح قرار پائے گا، اس لیے ووٹنگ کا عمل ہر روز چار بار اس وقت تک جاری رہے گا، جب تک کہ کوئی نیارہنما منتخب نہیں ہو جاتا۔ اس کے بعد ووٹ ہر صبح دو بار اور ہر شام دو بار اس وقت تک پڑیں گے جب تک کہ کوئی نیا پوپ منتخب نہیں کر لیا جاتا۔
اس بار پوپ کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کا کالج جغرافیائی اور نسلی اعتبار سے اب تک کا سب سے متنوع ہے اور کیتھولک چرچ کی تاریخ میں یہ پہلا اجتماع ہے، جس میں یورپی باشندوں کی تعداد نصف سے بھی کم ہے۔
اگرچہ جمع ہونے والے زیادہ تر کارڈینلز اٹلی (17) سے ہیں۔ اس کے بعد امریکہ سے (10) اور برازیل سے (سات) ہیں۔
پوپ فرانسس نے اپنے وقت کے دوران 70 سے زائد ممالک سے 163 نئے کارڈینلز کا تقرر کیا تھا، جن میں سے بیشتر ایسے ہیں جن کی پہلے کبھی بھی کالج آف کارڈنلز میں نمائندگی نہیں ہوئی تھی۔
پوپ فرانسس، چرچ کے 266 ویں پوپ کی حیثیت سے 12 سال تک چرچ کی قیادت کرنے کے بعد ایسٹر کے موقع پر 21 اپریل کو انتقال کر گئے تھے۔