برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹامر نے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان فسادات میں حصہ لینے پر پچھتائیں گے۔
اتوار کو برطانوی وزیراعظم نے ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میں ضمانت دیتا ہوں کہ آپ اس فسادات میں شامل ہو کر پچھتائیں گے۔ وہ جو براہ راست اس فساد میں حصہ لے رہے ہیں یا اس کو آن لائن ہوا دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی دائیں بازو والوں کی ’بدمعاشی‘ کا کوئی جواز نہیں۔
وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ اس میں ملوث تمام لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
برطانوی وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ ان کی حکومت پولیس کو ’نفرت کے بیج بونے‘ کی کوشش کرنے والے ’انتہا پسندوں‘ کے خلاف کارروائی کے لیے ’بھرپور حمایت‘ فراہم کرے گی۔
برطانوی شہر ساؤتھ پورٹ میں تین بچیوں کے قتل کے بارے میں بڑے پیمانے پھیلی غلط خبروں نے ملک کے کئی شہروں اور قصبوں کو متاثر کیا ہے۔ پرتشدد مظاہرے برطانیہ بھر میں پھیل گئے ہیں۔
یہ مظاہرے گذشتہ 13 سالوں کے دوران برطانیہ کے بدترین فسادات ہیں۔
جنوبی یارکشائر کے علاقے روٹرڈیم میں پناہ گزینوں کے زیراستعمال رہنے والے ہوٹل میں نقاب پوش تارکین وطن مخالف مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور شیشے اور دروازے توڑ دیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیر کے روز ساؤتھ پورٹ کے ایک مقامی ڈانس سکول میں بچوں کی ڈانس پرفارمنس کے دوران چھری سے مسلح ایک شخص نے اچانک نمودار ہو کر حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں تین بچیاں ہلاک ہو گئی تھیں۔
پانچ دن سے جاری فسادات اور پرتشدد مظاہرے کیئر سٹارمر کے لیے ایک چیلنج ثابت ہو رہے ہیں جو کہ صرف ایک مہینے قبل لیبر پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے واضح اکثریت سے کنزرویٹیو کو شکست دے کر اقتدار میں آئے ہیں۔