بھارتی فوج نے پہلی بار تصدیق کی ہے کہ مئی میں پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں اس کے کچھ لڑاکا طیارے تباہ ہوئے، تاہم یہ بھی کہا کہ 4 روزہ تنازع کبھی بھی ایٹمی جنگ کے قریب نہیں پہنچا۔
ہفتے کے روز سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ میں شرکت کے دوران ایک انٹرویو میں بھارتی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا کہ اہم بات یہ نہیں ہے کہ طیارے گرائے گئے، بلکہ یہ ہے کہ وہ کیوں گرائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ دعویٰ کہ اس نے 6 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، بالکل غلط ہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ بھارت نے اس جنگ میں کتنے طیارے کھوئے۔
انیل چوہان نے مزید کہا کہ جو غلطیاں ہوئیں، وہ اہم ہیں، ہم نے ان غلطیوں کو سمجھا، انہیں درست کیا اور پھر 2 دن بعد دوبارہ اپنے تمام طیارے اڑائے اور طویل فاصلے پر کامیاب حملے کیے۔
انیل چوہان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا کہ امریکہ نے ایٹمی جنگ کو روکنے میں مدد دی، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے کہ کوئی بھی فریق ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے قریب پہنچا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے میں روایتی فوجی کارروائیوں اور ایٹمی جنگ کے درمیان کافی فاصلہ ہوتا ہے، پاکستان کے ساتھ رابطے کے ذرائع ’ہمیشہ کھلے‘ رہے تاکہ حالات کو قابو میں رکھا جا سکے، اور تصادم کی شدت کم کرنے کے لیے کئی درمیانی اقدامات ممکن تھے۔
جنرل انیل چوہان نے پاکستان کے چینی ہتھیاروں کی کارکردگی کے دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’کام نہیں آئے‘، بھارت کی وزارت دفاع سے منسلک ایک تحقیقی ادارے نے اس ماہ کہا تھا کہ چین نے پاکستان کو فضائی دفاع اور سیٹلائٹ معاونت فراہم کی تھی۔
انیل چوہان نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے اندر 300 کلومیٹر دور کے ہوائی اڈوں پر درستی کے ساتھ حملے کیے، انہیں سخت فضائی دفاع کرنا پڑا۔
انیل چوہان نے کہا کہ جنگ بندی برقرار ہے اور اس کا انحصار پاکستان کے آئندہ اقدامات پر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے واضح سرخ لکیریں (ریڈ لائنز) طے کر دی ہیں۔