یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ’حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کی جانب سے 30 روزہ جنگ بندی کی تجویز پر روس کی جانب سے کوئی ’بامعنی‘ ردِعمل نہیں آیا، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ یوکرین میں لڑائی جاری رکھنا چاہتا ہے۔‘
صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ’افسوس، ایک سے زیادہ دن گزرنے کے باوجود دنیا نے تاحال جنگ بندی کی تجویز پر رُوس کا کوئی معنی خیز جواب نہیں سُنا۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’یہ ایک بات ایک بار پھر ظاہر کرتی ہے کہ رُوس جنگ کو مزید طُول دینے اور امن کو ہر ممکن حد تک مؤخر کرنا چاہتا کرتا ہے۔‘
ولادیمیر زیلنسکی کہتے ہیں کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ امریکی دباؤ یوکرین میں رُوس کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کرنے کے لیے کافی ہو گا۔‘
امریکہ کے مذاکرات کاروں نے جمعرات کو یوکرین میں 30 روزہ جنگ بندی اور اس حوالے سے اپنا منصوبہ پیش کرنے کے لیے رُوس کا دورہ کیا۔
واضح رہے کہ امریکہ نے تین برس سے جاری یوکرین کی جنگ میں ’غیر مشروط‘ وقفے کے لیے رُوس پر 30 روز کی جنگ بندی پر زور دیا ہے۔