ری پبلکن پارٹی نے سینیٹ کے بعد ایوانِ نمائندگان پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
ریاست ایریزونا اور ریاست کیلی فورنیا میں جیت کے بعد ری پبلکن پارٹی کی نشستوں کی تعداد 218 ہو گئی ہے
اب تک کے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی 208 نشستیں حاصل کر سکی ہے۔
نو نشستیں ایسی ہیں جن کے نتائج کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
امریکہ کے ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے 435 میں سے 218 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔
سخت مقابلے کے بعد ایوانِ نمائندگان میں حاصل ہونے والی سادہ اکثریت کے ذریعے ری پبلکن لیڈرز کو مینڈیٹ مل گیا ہے کہ وہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ویژن کا نفاذ فوری طور پر کر سکتے ہیں۔
نئے آنے والے امریکی صدر پہلے سے وعدہ کر چکے ہیں کہ وہ بڑے پیمانے پر تارکینِ وطن کی ملک سے بے دخلی کا آپریشن شروع کریں گے اور مہنگائی پر قابو پانے کے ساتھ معیشت کو درست کریں گے۔
پانچ نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ڈیموکریٹک حریف کاملا ہیرس کو شکست دی تھی۔
اسی کے ساتھ ری پبلکن پارٹی نے 100 ارکان پر مشتمل سینیٹ میں بھی 52 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کی ہے۔ اس طرح نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کو کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔
نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ برس 20 جنوری کو اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ اس سے قبل انہوں نے کئی اہم عہدوں پر نامزدگیاں کی ہیں۔
ٹرمپ نے اب تک وزیرِ دفاع، وزیرِ خارجہ، ہوم لینڈ سیکیورٹی چیف، ڈائریکٹر سی آئی اے، ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کے سربراہان، اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر، مشیر برائے نیشنل سیکیورٹی اور اسرائیل کے لیے امریکہ کے سفیر سمیت دیگر عہدوں پر نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے۔