اامریکی شہر نیو یارک کی ایک چھ منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے انڈین صحافی ہلاک ہو گئے ہیں۔
رہائشی عمارت میں آگ لیتھیم بیٹری میں شعلہ بھڑکنے کے باعث لگی جس سے فاضل خان کی موت واقع ہو گئی جبکہ 17 دیگر افراد جھلس گئے۔
آگ سے متاثرہ یہ عمارت نیو یارک کے علاقے ہارلم میں واقع ہے۔
انڈین سفارت خانے کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شائع کیے بیان کے مطابق ’نیو یارک میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے میں 27 سالہ شہری فاضل خان کی موت سے صدمے میں ہیں۔ فاضل خان کے اہلخانہ اور دوستوں سے رابطے میں ہیں۔ ہم میت کو انڈیا بھیجنے کے لیے تمام ضروری معاونت فراہم کر رہے ہیں۔‘
مرنے والے فاضل خان کولمبیا یونیورسٹی کے ٹیچرز کالج میں قائم ’ہیچنگر رپورٹ‘ میں ڈیٹا رپورٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔