چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے 4 ججز کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ سمیت جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس امین الدین کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد فاروق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے چار ججز کو بھی خطوط موصول ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس امین الدین کو یکم اپریل کو خط بھیجے گئے ۔
اُن کے بقول چاروں خطوط میں پاوڈر پایا گیا اور دھمکی آمیز اشکال بنی ہوئی تھیں۔ خطوط کو کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے ججز کو گل شاد نامی خاتون کی طرف سے خط لکھے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سمیت 8 ججز کو گزشتہ روز مشکوک خطوط موصول ہوئے تھے جس پر پاؤڈر اوردھمکانے والا نشان پایا گیا تھا۔
خط کے اندر ڈرانے دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے، ریشم نامی خاتون نے بغیر اپنا ایڈریس لکھے ججزکوخطوط بھیجے۔
سٹاف نے خط کھولا تو اس کے اندر سفوف تھا اور خط کھولنے کے بعد آنکھوں میں جلن شروع ہو گئی تھی۔