پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانے پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک افسر سمیت 10 پولیس اہلکار ہلاک جب کہ چھ زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے ڈی آئی خان کی تحصیل درابن میں اتوار کی شب لگ بھگ تین بجے تھانے پر حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے کارروائی میں دستی بموں کا استعمال کیا جب کہ فائرنگ بھی کی گئی۔
دہشت گردوں کی کارروائی میں ڈیڑھ درجن اہلکار نشانہ بنے ہیں۔ متعدد زخمیوں کو مقامی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
حملہ آور رات کی تاریکی میں باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
البتہ پولیس یہ معلوم کرنے میں ناکام رہی کہ حملہ آور کس سمت سے آئے تھے اور کس سمت میں فرار ہوئے۔