کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الصباح نے بدھ کے روز ملک کے 17ویں حکمران کی حیثیت سے باضابطہ حلف اٹھانے کے بعد قومی مفادات کو نقصان پہنچانے پر پارلیمنٹ اور کابینہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
83 سالہ حکمران نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی پچھلی تقاریر میں اس بات پر زور دیا ہے کہ ہماری کچھ قومی ذمہ داریاں ہیں جنہیں پورا کیا جانا چاہیے لیکن پارلیمنٹ اور کابینہ کی جانب سے کسی قسم کی تبدیلی یا اصلاح نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے اب دونوں اداروں نے عوام اور ملک کے مفادات کو نقصان پہنچایا ہے۔
شیخ مشعل نے ان تقرریوں اور ترقیوں کا بھی حوالہ دیا جو انصاف کے آسان ترین معیار پر پورا نہیں اترتیں۔
Watch: Kuwait’s new Emir Sheikh Meshal al-Ahmad al-Sabah assumes power after taking oath in the parliament.#Kuwait
Read more: https://t.co/OvCvH5L8i9 pic.twitter.com/geFLsB8h4w
— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) December 20, 2023
انہوں نے پروموشنز اور نئی تقرریوں کو عارضی طور پر روکنے کا عزم ظاہر کیا جہاں اس سے قبل 5 دسمبر کو بھی وہ ایک حکمنامے کے ذریعے ریاستی ملازمتوں میں بھرتی کے لیے تین ماہ کی پابندی عائد کر چکے ہیں۔
شیخ مشعل نے کہا کہ ہم نے بہت سے مواقع پر خبردار کیا ہے کہ بحران، چیلنجز اور خطرات ہمیں گھیرے ہوئے ہیں لہٰذا ہمیں تمام پہلوؤں سے موجودہ حقیقت پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔