پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس نے کاروبار کے دوران نئی تاریخ رقم کر دی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس نے آغاز میں ہی 790 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ کی حد عبور کر لی۔
ایک موقع پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 59 پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔
دو روز قبل سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں 3500 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی تھی تاہم گزشتہ روز سیاسی صورتحال بہتر ہونے کے بعد 100 انڈیکس میں 4500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور پھر انڈیکس 99 ہزار 239 پوائنٹس کر جا کر بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے 17 ماہ میں 40 ہزار پوائنٹس سے ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی دن میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس یا 4.73 فیصد اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کے قریب ترین 99 ہزار 269 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل منگل 26 نومبر کو کاروبار کے آغاز پر بینچ مارک- کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم غیریقینی سیاسی صورتحال کے باعث دوپہر کے بعد مارکیٹ لڑکھڑا گئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 3 ہزار 505 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور مارکیٹ 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے، پاکستان کی معاشی اور اقتصادی پالیسیز درست سمت میں گامزن ہیں، اس سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ادھر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔