تارکین وطن کو لے جانے والی چار کشتیاں جبوتی اور یمن میں ڈوب گئیں۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک 186 سے زائد لاپتہ ہو گئے۔
بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جبوتی اور یمن کے ساحلوں پر گزشتہ رات 4 کشتیاں ڈوبنے سے 186 سے زائد تارکین وطن لاپتہ ہیں۔
کشتی ڈوبنے کا واقعہ جمعرات کو دیر گئے اس راستے پر پیش آیا، جسے ایتھوپیا کے باشندے خلیجی ممالک میں کام تلاش کرنے یا تنازعات سے بچنے کی امید میں استعمال کر رہے ہیں۔
آئی او ایم کے کنٹری چیف آف مشن عبدالستور ایسوئیف کے مطابق 2 کشتیاں یمن کے ساحل میں ڈوب گئیں، جن میں سے ایک میں کم از کم 30 افراد اور دوسری میں تقریباً 150 افراد سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم 186 افراد کے بارے میں بات کر رہے ہیں، جو بدقسمتی سے سمندر میں ڈوب گئے۔
انہوں نے کہا کہ کشتی میں سوار افراد میں سے زیادہ تر ایتھوپیا کے تارکین وطن تھے، جبکہ خیال ہے کہ عملے کے پانچ ارکان یمنی تھے، دونوں کشتیوں میں کم از کم 57 خواتین سوار تھیں۔
عبدالستور ایسوئیف کا کہنا تھا کہ ہم حکام کے ساتھ مل کر یہ دیکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ آیا ہم کوئی زندہ بچ جانے والے کو تلاش کر سکتے ہیں، لیکن مجھے ڈر ہے کہ شاید ایسا نہ ہو۔