فرانسیسی کھلاڑی کلین ایمباپے فری ایجنٹ کے طور پر ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ میں شامل ہوگئے۔
کلین ایمباپے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے وابستہ تھے، انہوں نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ سیزن کے اختتام پر وہ پی ایس جی چھوڑ دیں گے۔
کئی برسوں کے انتظار کے بعد گزشتہ شب ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ نے ایمباپے کے ٹرانسفر کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں لکھا کہ، ’ریال میڈرڈ اور کلین ایمباپے کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت وہ ریال میڈرڈ کے ساتھ 5 سیزن کھیلیں گے‘۔
چونکہ ایمباپے کے ساتھ پی ایس جی کا معاہدہ ختم ہوچکا تھا اس لیے ان کا ریال میڈرڈ میں مفت ٹرانسفر ہوا یعنی ریال میڈرڈ نے ایمباپے کو خریدنے کیلئے ان کے سابقہ کلب کو رقم کی ادائیگی نہیں کی۔
فرانسیسی کھلاڑی نے ہسپانوی کلب کے درمیان ایک کروڑ 50 لاکھ یوروز سالانہ کا معاہدہ طے ہوا ہے جبکہ کلب سے مذاکرات کے بعد اس سالانہ ادائیگی میں تبدیلی بھی آسکتی ہے۔
View this post on Instagram
25 سالہ سٹار فٹبالر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لکھا کہ میرا خواب سچ ہوگیا ہے اور میں اپنے خوابوں کے کلب کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر محسوس کررہا ہوں۔
اس موقع پر ریال میڈریڈ نے ویلکم ایمباپے کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں فرانسیسی کھلاڑی کے تمام بہترین میچز دکھائے گئے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے کہ جب 2 جون کو یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈرڈ بروشیا ڈروٹمنڈ کو 0-2 شکست دے کر ریکارڈ 15ویں بار کلب فٹبال کا سب سے بڑا اعزاز جیت چکی ہے، جس کے بعد اسے بلاشبہ دنیا کا سب سے بہترین کلب قرار دیا جارہا ہے۔
اس سے قبل ایمباپے 2017ء میں فرانسیسی کلب موناکو سے وابستہ تھے جہاں سے پی ایس جی میں ان کا ٹرانسفر 18 کروڑ یوروز میں ہوا تھا جوکہ اس وقت 20 برس سے کم عمر کسی کھلاڑی کے ٹرانسفر کی سب سے زیادہ قیمت تھی۔
یاد رہے کہ کلین ایمپابے نے 19 سال کی عمر میں 2018ء کا فیفا ورلڈ کپ فائنل کھیلا تھا جہاں ان کے گول نے فرانس کو ورلڈ کپ چیمپیئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، وہ برازیلی لیجنڈ پیلے کے بعد 20 سال سے کم عمر دوسرے کھلاڑی تھے جنہوں فائنل میں گول اسکور کیا۔
2022ء کے قطر فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور فرانس کے مابین کھیلے گئے فائنل میں جب ارجنٹینا یک طرفہ طور پر جیت رہی تھی تب کلین ایمباپے نے شاندا ہیٹ ٹرک کرکے فرانس کو فتح کے قریب کیا تھا، اس عالمی کپ میں سب سے زیادہ 8 گولز اسکور کرنے پر انہیں گولڈن بوٹ سے نوازا گیا تھا۔
فرانسیسی کلب کیلئے کھیلتے ہوئے انہوں نے 7 سیزن میں 6 بار فرانسیسی ٹورنامنٹ لیگ ون جیتا، ساتھ ہی 255 گولز کے ساتھ وہ پی ایس جی کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
رواں سال اگست یا ستمبر میں شروع ہونے والے کلب سیزن میں کلین ایمباپے فٹبال شائقین کو ریال میڈرڈ کے ساتھ کھیلتے نظر آئیں گے۔