انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ابوظبی میں پہلے ہندو مندر کا افتتاح کر دیا ہے۔
27 ایکٹر پر بننے والے بی اے پی ایس ہندو مندر ابوظبی کو دبئی سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ہے جس کی تعمیر راجستھان کے گلابی پتھر کے 25,000 سے زائد ٹکڑوں سے کی گئی ہے، اور سفید اطالوی سنگ مرمر کو انڈیا میں تراشنے کے بعد متحدہ عرب امارات لایا گیا ہے۔
نریندر مودی اس مندر میں مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے بدھ کی دوپہر مندر کے پنڈتوں کے ہمراہ پہنچے۔
اس موقع پر بالی وڈ اداکار اکشے کمار اور گلوکار شنکر مہادیون سمیت دیگر ستارے اور متحدہ عرب امارات میں مقیم انڈین برادری کے ارکان افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔
دبئی میں پہلے سے ہی تین ہندو مندر موجود ہیں تاہم بی اے پی ایس کا یہ مندر مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا ہندو مندر ہو گا۔
اس مندر کو ہندو تنظیم نے بنایا تھا جس کا صدر دفتر نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں واقع ہے۔